منگل 27؍محرم الحرام 1445ھ 15؍اگست 2023ء

صدر مملکت نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023ء پر حمایت کی یقین دہانی کرا دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023ء پر حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

صدر مملکت سے پی ایف یو جے، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں نے ملاقات کی۔

صدر عارف علوی نے ملاقات میں میڈیا ورکرز اور صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

انہوں نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز، ڈس انفارمیشن کے بارے میں آگاہ کرے۔

خط میں کہا گیا کہ صحافی آپ کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ اس بل کی توثیق کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات سے متعلق تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں، سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیشرفت کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں۔

صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال کے بارے میں بتائے۔

وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتایا، وفد اراکین نے کہا کہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.