وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری پر اہم کامیابی ملی ہے۔
کراچی کے ضلع کورنگی شاہ فیصل زون میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا افتتاح کردیا گیا ہے، افتتاحی تقریب میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔
اس موقع پر صحافیوں نے ناصر حسین شاہ سے اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری پر سوالات کیے جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم کوئی انفارمیشن شیئر نہیں کرنا چاہتے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اطہر متین کا قتل افسوسناک سانحہ تھا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، وزیر اعلیٰ سندھ خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاءاینڈآرڈر کی گزشتہ روز کی ملاقات میں لائحہ عمل تیارکیا ہے، ہماری خواہش ہے کہ ایک بھی واقعہ رونما نہ ہو، کراچی کے ماضی اور آج کے حالات میں دن اور رات کا فرق ہے۔
ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں پچھلے سال دو لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی اطہر متین اس وقت ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے جب انہوں نے راستے میں لوٹ مار کی واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل سے اپنی کار ٹکرا دی تھی۔
پولیس کے مطابق گرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اطہر متین گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ملزمان ایک اور موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہو گئے تھے۔
Comments are closed.