وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کی مدعیت میں درج کرائے گئے مقدمے میں ان ہی کی پارٹی پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نذیر چوہان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
لاہور کے تھانہ سول لائنز کی پولیس کے مطابق ایم پی اے نذیر چوہان کو ایل ڈی اے کمپلیکس کے قریب سے حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہزاد اکبر نے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف سالِ رواں میں مئی کے مہینے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
شہزاد اکبر نے مقدمے کے لیے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ نذیر چوہان نے ٹی وی پروگرام میں مجھ پر بے بنیاد الزامات عائد کیئے، نذیر چوہان کے الزامات سے میری زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
درخواست میں شہزاد اکبر نے مؤقف اپنایا کہ نذیر چوہان کی گفتگو کا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ داخلہ و احتساب نے درخواست میں اپیل کی تھی کہ نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کر کے سخت ایکشن لیا جائے۔
Comments are closed.