لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر شور اور رش پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چوہدری نے ریفرنس پر سماعت کی۔
فاضل جج نے کہا کہ کورٹ روم میں رش زیادہ ہوگیا ہے، کورونا وائرس کی صورتِ حال خراب ہے، شہباز شریف کا خیال کریں، وہ کینسر کے مریض ہیں، گنجائش سے زیادہ افراد عدالت سے باہر نکالے جائیں۔
دورانِ سماعت شہباز شریف کرسی سے اٹھ کر روسٹرم پر آگئے اور عدالت سے استدعا کی کہ جج صاحب! اگر اجازت ہے تو میں ساتھ والی کورٹ میں ملاقات کر لوں۔
عدالت نے شہباز شریف کو دورانِ سماعت ملاقات کرنے سے منع کر دیا اور کہا کہ سماعت کے بعد آپ کو ملاقاتوں کا ٹائم دیں گے۔
عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی موجودگی میں ان کے خلاف ایک گواہ کا بیان قلم بند کیا گیا۔
لاہور کی احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.