چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزارت تجارت کو خط لکھ کر خام چینی درآمد نہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
شوگر ملز کے ذریعے خام چینی درآمد کرنے کے حکومتی فیصلے کو زبردست دھچکا اس وقت لگا جب چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اپنے ایک خط میں بتایا کہ اس وقت خام چینی کی درآمد ناقابل عمل ہے، شوگر ملز بند ہوگئیں اور خام چینی مہنگی بھی پڑے گی۔
چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن کا خط میں کہنا تھا کہ خام چینی تقریبا 98 روپے فی کلو میں پڑے گی، حکومت نے خام چینی کی درآمد پر ٹیکس ریلیف کم دیا،جبکہ سرکاری سطح پر چینی کی درآمد پر ٹیکس ریلیف زیادہ دیا گیا ہے۔
خط کے متن میں مزید کہنا تھا کہ خام چینی کی درآمد پر صرف ودہولڈنگ انکم ٹیکس 5.5 سے کم کرکے صفر اعشاریہ 25 فیصد کیا گیا.
وفاقی حکومت نے 8 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے اجازت دی ہے، حکومت نے سرکاری سطح پر5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔
چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ شوگر ملز کے ذریعے 3 لاکھ میٹرک ٹن خام چینی درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
Comments are closed.