پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے جنوبی افریقا کے خلاف فخر زمان اور بابر اعظم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔
شعیب اختر قومی ٹیم کی جنوبی افریقا کے خلاف تین ایک روزہ میچز میں بہترین کارکردگی پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے ٹیم کی سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے پر تعریف کی اور مبارکباد بھی دی۔
سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فخر زمان کی گزشتہ روز میچ میں شاندار بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’فخر کے لیے ایک کے بعد ایک سنچری، زبردست تسلسل ہے۔‘
انہوں نےکپتان بابر اعظم اور سیریز میں جیت پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں کامیابی پر بابر اعظم اور سب لڑکوں کو مبارک ہو، اسی طرح آگے بڑھتے رہو۔‘
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان نے 50 میچوں کی 50 اننگز میں اپنے 2 ہزار 262 رنز مکمل کیے جو پاکستان کی طرف سے کسی بھی بیٹسمین کا ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل پاکستانی لیجنڈ بیٹسمین ظہیر عباس تھے جنہوں نے 50 اننگز کے دوران 2 ہزار 234 رنز بنائے تھے۔
جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق اوپننگ بیٹسمین فخر زمان سات درجے ترقی کے بعد بارہویں نمبر پر آگئے ہیں۔
اس طرح ون ڈے کرکٹ میں بلے بازوں میں ویرات کوہلی کا پہلا نمبر جبکہ کپتان بابراعظم دوسرے، روہت شرما تیسرے اور راس ٹیلر کا چوتھا نمبر ہے۔
پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی قیادت میں جنوبی افریقا کو تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی ہے۔
Comments are closed.