وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوتیرس ڈونرز کانفرنس کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ فوری طور پر ڈونرز کانفرنس کا انتظام کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ کل بھی اور آج بھی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوئی، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جاپان کے وزیرِ اعظم سے آج ملاقات ہوئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب کی وجہ سے اب تک 1500 سے زائد افراد کا انتقال ہو چکا ہے، معیشت کو 30 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کیا ہے، دنیا کو بتایا ہے کہ سیلاب سے ملک کی معیشت، زراعت اور صنعت کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور یورپی ممالک کے لیڈرز سے بھی ملاقات ہوئی، بیلجیئم کے وزیرِ اعظم سے بھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ دنیا کو اب ہماری مدد کرنا ہوگی، ہمیں ریلیف دینا ہوگا، دنیا کو اب ہمیں فسکل اسپیس دینا ہو گا تاکہ ہم کروڑوں لوگوں کو ان کے گھروں میں بسا سکیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مصیبت کے وقت دشمن بھی ایک دوسرے پر وار کرنا چھوڑ دیتے ہیں، یک جہتی اور دکھی انسانیت سے عملی ہمدردی کے لیے ذاتی پسند ناپسند سے اوپر اٹھنا ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں ترقی و بحالی کے لیے قوم کو اکٹھا کرنا اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھنا ہو گا۔
Comments are closed.