بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سینیٹ انتخابات : PTI کا وفد MQM کے مرکز پہنچ گیا

سینیٹ انتخابات کے لیئے وفاقی حکومت نے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمتِ عملی طے کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے سلسلے میں پاکستان تحریکِ انصاف کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز پہنچ گیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت نے اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے فارمولا طے کر لیا، فارمولے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اسد عمر ایم کیو ایم سے مشاورت کرنے پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی کے وفد میں عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، فردوس شمیم نقوی شامل ہیں جن کا بہادر آباد مرکز پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے استقبال کیا۔

بہادر آباد مرکز پر پی ٹی آئی کے وفد کا استقبال کرنے والوں میں ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری، امین الحق اور دیگر رہنما شامل تھے۔

ملاقات میں سینیٹ انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے وفد کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات میں مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کی گئی۔

اسد عمر نے کہا کہ مشترکہ اہداف کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، آگے بھی بہتری آئے گی۔

فیصل سبز واری نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے دیرینہ تحفظات ہیں، وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ کراچی کو ماس ٹرانزٹ سمیت دیگر منصوبے دیئے جائیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے سندھ سے ایم کیو ایم پاکستان کو 2 نشستوں پر مشترکہ امیدوار لانے کی پیشکش کی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایم کیو ایم جنرل اور خواتین نشست پر مشترکہ امیدوار لائے گی، جبکہ تحریکِ انصاف ایک جنرل اور ایک ٹیکنو کریٹ نشست پر مشترکہ امیدوار کھڑا کرے گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اتحادی جی ڈی اے کو بھی مشترکہ امیدوار لانے کی پیشکش کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.