بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سیلاب سے 12718 کلومیٹر سڑکوں اور 390 پلوں کو نقصان ہوا، این ایف آر سی سی

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کے مطابق ملک بھر میں سیلاب کی وجہ سے کل 12718 کلومیٹر سڑکوں اور 390 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے ریسکیو کے لیے اب تک 526 پروازیں کیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد کو بچایا گیا، اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4570 پھنسے افراد کو نکالا جا چکا ہے۔

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر نے کہا کہ ہیلی کاپٹرز سے 16.4 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا، ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں، ملک بھر میں147 ریلیف کیمپس اور 284 امدادی اشیاء کلیکشن پوائنٹس قائم ہیں۔

اعلامیے کے مطابق کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ این ایف آر سی سی کے نیشنل کوآرڈینٹر ہوں گے، اقتصادی امور، خارجہ، داخلہ، خزانہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارتوں کے وزراء ارکان ہوں گے۔

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی اشیاء کو جمع اور آگے تقسیم کیا جا رہا ہے، پاک فضائیہ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں، پاک فضائیہ نے 24 گھنٹوں میں 251 پروازیں کر کے 97 افراد کو بچایا۔

این ایف آر سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک فضائیہ نے 3 لاکھ 36 ہزار 799 فوڈ پیکٹ اور 2940.89 ٹن راشن پیکٹ متاثرین میں فراہم کئے، پاک فضائیہ کے میڈیکل کیمپس میں 55 ہزار 389 مریضوں کا علاج بھی کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے مختلف علاقوں میں پاک آرمی کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی جانب سے سندھ میں متاثرین کی بستیوں کے بچوں کے لیے عارضی اسکول بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

پاک فوج کے جوان ٹنڈوالہ یار، عمر کوٹ، سانگھڑ، دادو، ٹھٹھہ، بدین اور میرپور خاص میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.