پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام ہار گیا ہے، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے۔
لاہور میں شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں، سابق ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن بھی موجود تھے، جنہیں پارٹی صدر نے سندھ کلچر ڈے کی مبارک باد دی۔
اس موقع پر عام انتخابات کی تیاریوں، سندھ میں تنظیمی امور اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان و دیگر کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں ایم کیو ایم سے ہونے والی بات چیت اور سفارت کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے، اللّٰہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
دوسری طرف شیخ روحیل اصغر، حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق نے شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات کی۔
ن لیگی صدر سے ملنے والوں میں سابقہ رکن اسمبلی فرخ الطاف، باسط بخاری اور عمران قریشی بھی شامل تھے، جنہوں نے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں سے متعلق شہباز شریف کو آگاہی فراہم کی۔
دوران ملاقات پارٹی رہنما نے شہباز شریف کو ن لیگی قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارک باد دی۔
دوران گفتگو شہباز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کےلیے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لیے الیکشن بہت اہم ہیں۔
ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ اللّٰہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کیے گئے۔ ہمارے خلاف شروع کیے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ 4 سالہ تباہی کا سیاہ دور نہ آتا تو عوام پر مہنگائی اور پاکستان کی معاشی بدحالی کا برا وقت نہ آتا۔
Comments are closed.