مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے آج اپنے فیصلے سے قوم سے ہوئی ناانصافی کو ختم کردیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ لمحہ فکر ہے کہ کس طرح چند لوگ ملک کو بحران میں دھکیل کر چلے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ کے بینچ کو آج کے فیصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ 12 جنوری تک امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کردے گی، ابھی تک پارٹی ٹکٹوں کا حتمی اعلان کسی جماعت نے نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے پاس ٹکٹوں سے متعلق بہت زیادہ درخواستیں ہیں، پارٹی ٹکٹ کا اعلان ہوگا تو انتخابی گہما گہمی نظر آئے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق جماعتوں سے اچھے مذاکرات چل رہے ہیں۔ جن ساتھیوں نے عدم اعتماد کے ووٹ اور 16 ماہ ہمارا ساتھ دیا ان کو ایڈجسٹ نہ کریں تو پھر تنقید ہوگی کہ ن لیگ تکبر کا مظاہرہ کررہی ہے۔
Comments are closed.