سندھ میں کورونا وائرس کے باعث 28 افراد انتقال کرگئے ہیں جبکہ اس وبا کے مزید 1336 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 489 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 1336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو تشخیص کی شرح کا 10 فیصد بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج مزید 28 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 5784 ہوگئی ہے جو اموات کی شرح کا 1.6 فیصد بنتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 4837537 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 361143 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج 24 گھنٹوں میں مزید 346 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس سے صوبے میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 321777 ہوچکی ہے جو بحالی کی شرح کا 89.1 فیصد بنتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت 33 ہزار 582 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 23 ہزار 465 گھروں کے اندر قرنطینہ ہیں، 1045 مریض مختلف اسپتالوں اور 72 مریض آئیسولیشن سینٹرز میں زیر علاج ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 983 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 66 مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر کے کورونا وائرس کے 1336 نئے کیسز میں شہر کراچی سے 1095 سامنے آئے ہیں۔
ضلع وار اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے ضلع شرقی سے 361، سینٹرل سے 282، جنوبی سے 194، کورنگی سے 162، ملیر سے 58 اور غربی سے 38 کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں سے ٹھٹہ اور میرپورخاص سے 25-25، نوشہرو فیروز سے 24، حیدرآباد سے 22، ٹنڈوالہیار سے 19، نوابشاہ سے 16، سجاول سے 14، بدین اور سکھر سے 13-13، سانگھڑ سے 12، جامشورو سے 9، تھرپارکر سے 7، دادو سے 6، شکارپور اور گھوٹکی سے 3-3، لاڑکانہ سے 2، خیرپور، مٹیاری، عمرکوٹ اور کشمور سے ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی بچانے کے لیے لازمی طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔
Comments are closed.