مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو کوئی نہیں مانتا، نہ گھر میں عزت ہے نا باہر، نواز شریف کا نام لو تو ترقی یاد آتی ہے، عمران خان کا نام لو تو چینی اور آٹے کیلئے قطاریں یاد آتی ہیں۔
آزاد کشمیر کے ضلع نیلم کے علاقے شاردہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے جلسے میں موجود عوام کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور لیگی صدر شہباز شریف کا سلام دیا۔
انھوں نے شاردہ کے لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود جلسے میں ہر شخص کے چہرے میں نواز شریف دکھتا ہے، مجھے یہاں کی ہر چیز اور آپ کی محبت میں بھی نواز شریف نظر آیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی اور مریم نواز کی رگوں میں کشمیری خون ہے، نواز شریف لندن میں موجود ہیں لیکن یہاں ہر سانس میں بستے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دریا کے کنارے رات کو دعا کر رہی تھی کہ آزاد کشمیر اور جموں کشمیر ایک ہوجائیں، آپ لوگوں کے دکھ کا مجھے اندازہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا عمران خان کو جہاں سے لائے ہو وہیں لے جاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کاجب نام آتا ہے تو ذہن میں موٹر وے آتا ہے، نواز شریف کا نام لو تو ترقی یاد آتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کا نام لو تو چینی اور آٹے کے لیے قطاریں یاد آتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بزرگوں کو قطاروں میں کھڑا کرکے ڈیڑھ کلو چینی دی گئی، کیا ڈیڑھ کلو چینی 10 سے 12 افراد والے گھر کو پوری ہو گی؟
انھوں نے یہ بھی کہا کہ 2018 میں عمران خان نے بلے کے نشان پر انتخاب چوری کیا تھا، اب انتخابی نشان آٹا چوری، چینی چوری اور کشمیر چوری ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت سب سے زیادہ مقبول جماعت مسلم لیگ ن ہے، نواز شریف کو برا کہنے والا نواز شریف کے امیدواروں پر نظر لگا کر بیٹھا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ صرف نواز شریف کو ووٹ نہیں دینا بلکہ ووٹ کی حفاظت بھی کرنا، 25 جولائی کو پورے خاندان کے ساتھ ووٹ دینے نکلنا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک نتیجہ مل نہیں جائے تب تک گھر واپس نہیں جانا، بیلٹ باکسز میں سے ہمیشہ شیر کا ووٹ نکلتا ہے، وعدہ کریں آخری وقت تک اپنے ووٹ پر پہرہ دیں گے، آزاد کشمیر کی وادیوں بھی 25 جولائی کو شیردھاڑے گا۔
Comments are closed.