وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ترقی کا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے کی تعمیر منصوبے میں شامل ہے۔
بریفنگ کے مطابق نالہ لئی کی صفائی، اطراف میں بزنس ڈسٹرکٹ کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہیں۔
سلمان شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کی بدولت سیلابی صورتحال سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہوسکے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا، مجوزہ بزنس ڈسٹرکٹ سے کثیر معاشی فوائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اجلاس کو منصوبے کے لیے درکار قانونی ترامیم، انتظامی ڈھانچے اور ٹائم لائنز سے آگاہ کیا گیا۔
دوسری طرف چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس کے شرکاء کو گوجرانوالہ ڈیولپمنٹ پلان پر بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے خطاب میں ہدایت کی کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ بندی کو موثر بنانے کے لئے نجی سیکٹر کے ماہرین سے رائے لی جائے، منصوبوں سے بہترین معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے متبادل پلان بنائے جائیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے، سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم نے کہاکہ منصوبوں سے متعلق اہداف کو مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔
Comments are closed.