زلزلے کی خبر دینے والا مقامی ٹی وی کا نیوز اینکر خود خبر بن گیا، بلا خوف اور گھبراہٹ ڈٹ کے اینکرنگ کے فرائض انجام دیتا رہا۔
سوشل میڈیا پر پشاور کے مقامی نیوز چینل کے نیوز اینکر شاہ فیصل کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس پر انہیں ہر دیکھنے والا داد دیئے بغیر نہیں رہ پا رہا۔
نیوز اینکر شاہ فیصل، 6.8 شدت کے زلزلے کے دوران عمارت کی پانچویں منزل پر موجود اسٹوڈیو سے ناظرین کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے رہے۔
دوسری جانب ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی نیوز روم کا عملہ اپنی جان بچانے کی خاطر محفوظ مقام کی تلاش میں ادھر سے اُدھر بھاگتا پھر رہا ہے جبکہ نیوز اینکر بلا خوف فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہے یہاں تک کہ زلزلے کے جھٹکوں سے کیمرہ تک ہل جاتا ہے۔
نیوز اینکر شاہ فیصل نے تو دلیری کا مظاہرہ کیا تاہم ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ کوئی بھی چیز انسانی جان سے بڑھ کر قیمتی نہیں، زلزلے جیسی قدرتی آفات کے دوران پہلے اپنی جان بچائیں، کسی عمارت کے اندر ہیں تو فورا کسی کھلے مقام پر چلے جائیں۔
Comments are closed.