بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

زرداری ،فواد نااہلی کیس، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف نااہلی کیسز میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے رائے طلب کرلی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سابق صدر آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف نااہلی کیسز کی سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کے دوران سوال کیا کہ کیا پارلیمنٹ میں ایسے کیسز حل کرنے کا کوئی فورم موجود نہیں؟ اگر فورم موجود نہیں تو کیا اس پر کوئی قائمہ کمیٹی بنائی جاسکتی ہے؟

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کام تھا کہ ایسے معاملات عدالتوں میں نہ آئیں، ایسے سیاسی کیس عدالت آنے سے نقصان عدلیہ کا ہوتا ہے، جس پارٹی کے خلاف فیصلہ آئے وہ عدلیہ کے خلاف مہم چلاتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایک وزیر کو ہم نے نااہل قرار دیا، وہ سپریم کورٹ سے بحال ہوگئے، اس دوران ان کے حلقے کے عوام اسمبلی میں نمائندگی سے محروم رہے۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کے کیس الیکشن کمیشن کو بھی بھجوائے، یہ پارلیمنٹ کا کام ہے کہ اس طرح کے معاملات عدالتوں پر نہ چھوڑے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اپریل کو عدالتی معاونت کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ آصف زرداری کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے درخواست دی تھی جبکہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے نجی ٹی وی اینکر نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.