نواب شاہ میں پسند کی دوسری شادی کرنے والے دولہا پر شادی کی خواہش مند رشتہ دار لڑکی نےحملہ کردیا، شادی ہال میں گھس کر چھری کے وار سے دولہا کو زخمی کردیا اور بعد میں خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق مریم روڈ کے شادی ہال میں اسکول ٹیچر نیاز مہر کی دوسری شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک ناہید مہر نامی رشتہ دار لڑکی نے دولہا پر دلہن کے ساتھ تصویر بنواتے وقت اچانک حملہ کرکے پیٹ میں چھری گھونپ دی اور شدید زخمی کردیا۔
اس اچانک حملے سے تقریب افراتفری کا شکار ہوگئی اور دلہن بے ہوش ہوگئی، واقعے کے بعد دولہا کو اسپتال جبکہ حملہ آور لڑکی ناہید مہر کو بی سیکشن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس کے رشتہ دار جو کہ دولہا کے بھی قریبی عزیز ہیں اس یقین دہانی کے بعد کہ آپس میں فریقین کا صلح نامہ کرادیں گے حملہ آور ناہید مہر کو ہمراہ لے گئے تاہم پولیس کے مطابق رات گئے ناہید مہر کی لاش سمیت ورثاء پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ناہید ذہنی دباؤ میں تھی اور اس نے دوپٹے کا پھندہ لگا کر خودکشی کرلی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ ناہید مہر کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.