بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رانا ثناء کی عدم گرفتاری، عدالت اینٹی کرپشن کی ٹیم پر برہم

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ  کی عدم گرفتاری پر عدالت نے اینٹی کرپشن کی ٹیم پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد جانے والی محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم سینئر سول جج کی عدالت میں پیش ہوئی۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ویجیلینس پنجاب سید انور شاہ نے راولپنڈی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے رانا ثناء کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں کی، آمد، روانگی روز نامچے میں درج نہیں کی گئی۔

سینیئر سول جج غلام اکبر نے استفسار کیا کہ کیا آپ تمام مقدمات میں ہر گھنٹے بعد عدالت کو رپورٹ دیتے ہیں؟ وارنٹ گرفتاری دے دیے ہیں، گرفتار کرنا آپ کا کام ہے۔

جج نے اینٹی کرپشن کو مقدمے کی فائل واپس کردی، جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم راولپنڈی کچہری سے واپس روانہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی کی اینٹی کرپشن کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا دوبارہ حکم دیا تھا۔

بعد ازاں اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم تھانہ سیکرٹریٹ پہنچی تھی، جہاں اسے ایک مرتبہ پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسلام آباد میں پنجاب اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر سید انور علی شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے اسٹاف کو تھانے سے باہر نکال دیا گیا اور ناروا سلوک اپنایا گیا، اب عدالت کو آج کی کارروائی سے متعلق آگاہ کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.