آئی جی پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گردوں نے جدید اسلحہ استعمال کیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ دہشت گردوں نے جو اسلحہ استعمال کیا وہ جنوبی اضلاع میں بھی استعمال ہوا ہے۔
آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، پولیس نے بہادری سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈی ایس پی نے دہشت گردوں کے حملے کا جرات سے مقابلہ کیا، صوبائی حکومت نے فنڈز بھی جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ پشاور میں دہشت گردوں نے سربند تھانے پر دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر سردار حسین دو گن مینز سمیت شہید ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق تھانے پر حملے کے بعد ڈی ایس پی اپنے گن مینز ارشاد اور جہانزیب کے ہمراہ پہنچے تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دہشت گردوں نے 2 یا 3 اطراف سے تھانے پر حملہ کیا، دہشت گردوں کی تعداد 6 سے 8 تھی۔
Comments are closed.