جنوبی افریقا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1، 1 سے برابر کردی۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا لیکن گرین شرٹس 9 وکٹ پر 324 رنز تک محدود رہی۔
جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کو 17 رنز سے شکست ہوئی، فخر زمان کے ساتھ اگر کوئی بیٹسمین کریز پر رک جاتا تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات فخر زمان کی شاندار اننگز رہی، انہوں نے آج اکیلے ہی جنوبی افریقا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ناقدین کے منہ بند کردیے۔
گرین شرٹس کے اوپنر آخری اوور تک کریز پر موجود رہے اور جنوبی افریقی سرزمین پر یادگار اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔
فخر زمان نے 155 گیندوں پر 193 رنز کی اننگز کھیلی،وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے، اس دوران انہوں نے 10 چھکے اور 18 چوکے لگائے۔
گرین شرٹس کی طرف سے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم نے 33، آصف علی نے 19، شاداب خان 13، فہیم اشرف 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد حسنین نے ناقابل شکست 12 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے امام الحق 5، محمد رضوان صفر، دانش عزیز9، شاہین آفریدی 5 اور حارث رؤف 1 رنز بناسکے۔
Comments are closed.