پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کو مضبوط کرنا اور اسے دنیا کی نمبر ایک لیگ بنانا ہے تو پھر ہم سب کو صرف ایک ہی لیگ اور ایک ہی مقابلے، پاکستان سپر لیگ پر فوکس کرنا ہو گا، اسی پر توجہ دینا ہو گی ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کا بہت اچھا ویژن ہے وہ بہت اچھی باتیں کر رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ اکانومی بہتر ہو اور پاکستان سپر لیگ دنیا کی نمبر ون لیگ بنے ۔
عاطف رانا نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ہم اس کے لیے تیار ہیں، لاہور قلندرز رمیز راجہ کے ساتھ ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اچھا فنانشل ماڈل ہے، سب نے اس کی حمایت کی ہے، اگر پی ایس ایل کو مضبوط کرنا ہے اور اسے ہم نے دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا ہے تو اس کے لیے سب نےمل کر کام کرنا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں صرف پی ایس ایل پر فوکس کرنا ہے، کسی اور لیگ یا مقابلے پر نہیں۔
عاطف رانا نے کہا کہ دو ایڈیشن کوویڈ سے متاثر ہو ئے لیکن اب کوشش ہو گی کہ ساتواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہو، ساتویں ایڈیشن میں بڑے ناموں کو لے کر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اس وقت فوکس صرف اور صرف پی ایس ایل پر ہے ، گلگت اور کشمیر میں بھی لاہور قلندرز نے کام کیا ہے، اب وہاں میچز ہوں گے تو کرکٹ کو مزید فائدہ ہوگا۔
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ میں بھی سن رہا ہوں کہ عاقب جاوید پی سی بی میں جا رہے ہیں لیکن ابھی تک وہ گئے نہیں ہیں ۔
سی ای او لاہور قلندرز نے کہا کہ قلندرز کے پلیٹ فارم پرعاقب جاوید نے جو کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی پانچ لاکھ نوجوانوں کے ٹرائلز کا کریڈٹ عاقب جاوید کو جاتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عاقب جاوید کو پی سی بی اس کام کے لیے اپنے پلیٹ فارم پر لاتا ہے تواچھی بات ہے ۔
Comments are closed.