قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ صوبے کی احتساب عدالتوں نے بحال ریفرنسز کی سماعت شروع کر دی ہے۔
اس حوالے سے نیب حکام کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں 111 ریفرنسز میں احتساب عدالتوں نے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
ملزمان کے پیش ہونے کے بعد ریفرنسز پر مزید کارروائی شروع ہو جائے گی۔
حکام نے کہا ہے کہ ترمیم کے بعد 134 ریفرنسز نیب واپس بھجوائے گئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 15 ستمبر کو سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری دن آخری کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی کئی شقیں کالعدم قرار دے دی تھیں۔
سپریم کورٹ نے 50 کروڑ روپے کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کر دیے تھے اور تمام کیسز احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر ملک بھر کی احتساب عدالتوں کو نیب کی جانب سے ریفرنسز واپس بھیجے گئے ہیں اور ان عدالتوں میں ان ریفرنسز پر سماعت پھر سے شروع ہو گئی ہے۔
Comments are closed.