پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے صحافی عاصمہ شیرازی کے خلاف شہباز گِل کی جانب سے دھمکی آمیز اور غلیظ زبان کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شہباز گِل کا رویہ ان کی تربیت اور ذہنی صلاحیت کا عکاس ہے۔ وزیر اعظم شہباز گِل کے رویے کی تحقیقات کریں۔
پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے پریس کانفرنس میں خاتون صحافی پر بے بنیاد اور غیر اخلاقی الزامات لگائے۔
وزیراعظم کے سرکاری ترجمان کی جانب سے اس طرح کا رویہ کابینہ کے اس رکن کی تربیت اور ذہنی صلاحیت کا عکاس ہے جسے رکھا ہی اس لیے گیا ہے کہ وہ حکومت اور میڈیا کے تعلقات بہتر کرے۔
انھوں نے کہا کہ صحافیوں بالخصوص خاتون صحافی کو دھمکیاں دینے، ان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے اور مذہبی جذبات ابھارنے سے حکومت کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی۔
پی ایف یو جے نے کہا یہ بات تشویش ناک ہے کہ شہباز گِل صحافیوں کو بدنام کرنے، پریس کانفرنسوں اور ٹاک شوز میں سنگین دھمکیاں دینے اور آن لائن ٹرولنگ کے عادی ہیں۔ لگتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی سرکاری پالیسی بھی یہی ہے۔
پی ایف یو جے نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ شہباز گل اور کچھ دیگر رہ نماؤں کے رویے کی تحقیقات کریں۔ پی ایف یو جے کی قیادت نے عاصمہ شیرازی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ شیرازی نے اپنے مضمون میں کسی کا نام نہیں لیا تھا بلکہ بدترین معاشی بحران اور مہنگائی کی بات کی تھی۔
صحافی برادری خاص طور پر خاتون صحافی کے خلاف ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دے گی۔
Comments are closed.