سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اگر رانا ثناء اللّٰہ نے لوگوں پر ڈرون حملہ کیا تو کسی چیز کی ضمانت نہیں دے سکتے، جو شخص ان کو لایا ہے جو بھی ہے اس نے عمران خان کی خدمت کی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی حکومت کنٹینر لگا کر کیا کر رہی ہے، اداروں سے درخواست ہے ان لوگوں کو بٹھائیں اور الیکشن کا وقت دیں، جب الیکشن کی بات ہو گی پی ٹی آئی کی تمام حکومتیں توڑی جائیں گی، الیکشن میں تاخیر کر کے یہ کیا کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے، چولہے بجھ گئے ہیں، عدم استحکام ہے، لوگوں نے مرنا اور مارنا شروع کر دیا ہے، قوم مر رہی ہے، قوم کال کا انتظار کر رہی ہے، عمران خان جتنی جلدی کال دیں اتنا ہی جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موڈیز کو سمجھائیں گے کہ ریٹنگ کیسے کم ہوئی، سیلاب کے دنوں میں امریکا جا رہے ہیں، نواز شریف کو واپس لے کر آئیں، لوگ وزیرِ اعظم کے جہاز میں آ جا رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ہماری کسی سے لڑائی نہیں ہے، ہماری فوج اور ادارے عظیم ہیں، نیب کے کیس میں 24 تاریخ کو جاؤں گا، وقت آنے پر ان 13 جماعتوں کو پتہ لگ جائے گا، عمران خان کے ساتھ ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف کی بات بالکل ٹھیک ہے، عدم استحکام نہیں ہونا چاہیے، لیکن عدم استحکام غریب کے گھر میں ہے، آرمی چیف نے جمہوریت کی بھی بات کی، جو بات کی ٹھیک کی۔
Comments are closed.