بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے ٹیکس چھوٹ واپس لینے کا فیصلہ، ذرائع

وفاقی حکومت نے  پاکستان کرکٹ بورڈ سے ٹیکس چھوٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی کے میڈیا رائٹس، گیٹ منی اور اسپانسرشپ فیس پر نارمل ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل سے حاصل کردہ آمدن پر بھی ٹیکس کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سے حاصل شدہ آمدن پر بھی ٹیکس کی تجویز سامنے آئی ہے، پی سی بی کی آمدن پر اس وقت چار فیصد ٹیکس عائد ہے۔

وفاقی حکومت نے مختلف شعبوں کو 140 ارب کی انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی حکومت کا انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کیلئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے دوردراز علاقوں میں قائم صنعتوں کو دی گئی ٹیکس چھوٹ واپس لینے کا امکان ہے، پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں قائم صنعتوں سے ٹیکس مراعات واپس لینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان صنعتوں کو پہلے سال کے لیے 90 فیصد ٹیکس مراعات حاصل ہیں، متبادل توانائی کے لیے پلانٹ مشینری پر بھی ٹیکس مراعات واپس لینے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  نوجوانوں کو روزگار فراہمی پر حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کی جا رہی ہے، اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کی رجسٹریشن پر ٹیکس مراعات ختم کرنے کی تجویزدی گئی، کارپوریٹ ڈیری فارمنگ کو دی گئی ٹیکس چھوٹ بھی ختم کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  میٹرو، اورنج لائن ٹرین کو دی گئی ٹیکس چھوٹ واپس لینے کا امکان ہے، اورنج لائن ٹرین کی چینی کمپنی پر 6 کی بجائے7 فیصد ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آرڈیننس جاری ہوتے ہی فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، آرڈیننس بعد میں بل کی شکل میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.