پیر7؍رجب المرجب 1444ھ 30؍جنوری 2023ء

حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرایا، ٹرائیکا کی جنگ اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر کیلیے ہے، سراج الحق

stability

ملتان:امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی میں اندھے حکمرانوں نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پیٹرول بم گرایا ہے، انہوں نے معیشت کو تباہ کیا ، کرپٹ ٹرائیکا عوام کا دشمن ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ٹرائیکا کی جنگ اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر کے لیے ہے۔انگریز چلا گیا لیکن اس کے ملازم آج ہم پر مسلط ہیں۔آج ان کی وجہ سے پاکستان کا ہر شہری تین لاکھ سے زائد کا مقروض ہے۔ محنت کش،کاشتکار،مزدور رات کو بھوکا سوتا ہے۔حکمرانوں کا احتساب کرنے والا کوئی نہیں یہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  پی ڈی ایم،پی پی اور ن لیگ نے کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیا ، یہ امریکا کے غلام ہیں اور قوم کو شودر سمجھتے ہیں۔آج کاشتکار ، مزدور، اور کارخانہ دار پریشان ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ  جنوبی پنجاب کے عوام کو ہر حکومت نے دھوکہ دیا۔جنوبی پنجاب صوبہ کا وعدہ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور تحریک انصاف نے کیا جو آج تک پورا نہیں ہوا، اب یہ وعدہ جماعت اسلامی پورا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  حکمرانوں کے بیمار ان اسپتالوں میں علاج نہیں کرواتے ،ان کے بچے ان اسکولوں میں نہیں پڑھتے جہاں غریب اور سفید پوش کے بچے پڑھتے ہیں۔عوام کے ٹیکس سے حکمرانوں کے کارخانے اور ملیں چلتی ہیں۔یہ بار بار امریکا جاتے ہیں لیکن ایک بار بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کر سکے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ حکمران ضمیر فروش اور وطن فروش ہیں، یہ امریکا اور مغرب کے غلام ہیں انہوں نے امریکہ کے کہنے پر ٹرانسجینڈر بل کو منظور کروایا، یہ پاکستان کے اثاثے ریلوے،ہوائی اڈے اور موٹر وے بیچنا چاہتے ہیں۔ ان کا بس چلے تو قائد اعظم کا مزار بیچ دیں لیکن ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو سود کا نظام ختم کریں گے،عشر اور زکواتہ کا نظام قائم کریں گے۔ ملک کی بنجر زمین نوجوانوں کو دیں گے جس کو آباد کرنے کے لیے کھاد،بیج اور ٹریکٹر دیں گے۔جب تک نوجوانوں کو روزگار میسر نہیں آئے گا ہم بیروزگاری الاونس دیں گے۔

You might also like

Comments are closed.