اتوار 6؍رجب المرجب 1444ھ29؍جنوری 2023ء

جماعت اسلامی مزدوروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور ان کی معاونت کرے گی،حافظ نعیم

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان  کا کہنا ہے کہ مزدوروں کوظالموں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے،مظلوموں کے مقابلے میں ظالموں کی تعداد بہت کم ہے،این ایل ایف مزدوروں کے لیے چھتری کا کام کرے گی،جماعت اسلامی بھی مزدوروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور ان کی معاونت کرے گی۔

دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا نیشنل لیبر فیڈریشن کے تحت جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی کے حوالے سے مزدوروں کے جلسہ اظہار تشکر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مزدوروں کےحقوق فراہم کرے،محنت کش مزدور محنت کرتا ہے تو ملک کا پہیا چلتا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کی کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات میں کامیاب کروایا  ہے،جماعت اسلامی کراچی کے مینڈیٹ کا تحفظ کرے گی،کراچی میں جماعت اسلامی کا مئیر ہی ہوگا، ہم تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے کیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینٹ کے انتخاب کی طرح بلدیاتی انتخابات میں انسانوں کی منڈی لگانے کی کوشش کی جارہی ہے،اگرسینٹ کی طرح بلدیاتی انتخابات میں مئیر کے انتخاب کے کیے بھی منڈی لگائی گئی تو پوری دنیا میں ان کاچہرہ بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مئیر اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام جماعتوں سے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ملاقاتیں کیں ہیں،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ کے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی پر سیاست بازی کرنے کے بجائے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد ہوجائیں،تمام پارٹیاں مل کر جماعت اسلامی کے مئیر کا ساتھ دیں، ہم کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے،جماعت اسلامی کی کسی بھی پارٹی سے ذاتی دشمنی یا ذاتی ضد نہیں ہم سب کے ساتھ مل کر کراچی کو اون کرنا چاہتے ہیں۔

تعلیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو مدت تعلیم اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرے۔

You might also like

Comments are closed.