اتوار 6؍رجب المرجب 1444ھ29؍جنوری 2023ء

دفاعی چیمپئن بیلجیئم کو شکست، جرمنی تیسری مرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا

جرمنی نے دفاعی چیمپئن بیلجیئم کو شکست دے کر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ہاکی ورلڈکپ جیت لیا۔ 

واضح رہے کہ یہ مجموعی طور پر جرمنی کا تیسرا عالمی کپ ہے۔ 

بھارتی شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے اس میچ میں دفاعی چیمپئن بیلجیئم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ابتدا میں ہی جرمنی پر 0-2 کی سبقت حاصل کرلی۔ 

اس کے بعد بڑے خسارے میں موجود جرمنی نے مسلسل تین گول اسکور کرکے اسکور کو 2-3 کردیا۔ 

میچ کے 59ویں منٹ میں بیلجیئم نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور کو 3-3 سے برابر کردیا۔ جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ 

اس میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی نے دفاعی چیمپئن بیلجیئم کو 4-5 سے ہرا ہاکی ورلڈکپ جیت لیا۔ 

اس سے قبل تیسرے نمبر کے میچ میں نیدرلینڈز نے آسٹریلیا ایک کے مقابلے میں تین گولز سے شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ سب سے زیادہ چار مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز پاکستان کے پاس ہے۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 1994 میں عالمی کپ جیتا تھا جبکہ اس کے بعد سے قومی ٹیم فائنل فور میں بھی جگہ نہیں بناسکی۔ 

جرمنی نے اس سے قبل 2002 اور 2006 میں ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا اور دونوں ہی مرتبہ اس نے آسٹریلیا کو زیر کیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب قومی ٹیم ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی ہی نہ کرسکی۔ اس سے قبل قومی ٹیم 2014 کے عالمی کپ میں بھی شرکت سے محروم رہی تھی۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.