بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے منظم کوششیں کر رہی ہے: شہریار آفریدی

قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چئیر پرسن شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے منظم کوششیں کر رہی ہے جس میں پارلیمانی کمیٹی کا کردار اہم ہے اور اس کمیٹی کی اہمیت اور کردار کو مزید موثر بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔

‎ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن بزنس اینڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن کے ممتاز رہنماؤں فرح سواتی، ہارون مغل اور نظام یوسف کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان درست سمت پر گامزن ہے اور ہر شعبہ میں پیش رفت اور ترقی نظر آرہی ہے۔

‎اس موقع پر فورٹ بینڈ کاونٹی کے شیرف ایرک فیگن، کانسٹیبل آفس کی طرف سے کانسٹیبل نبیل شائق، پاکستانی امریکن بزنس اینڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن کی جانب سے ہارون مغل، فرح سواتی اور اشرف عباسی نے شہریار آفریدی کو تعریفی میڈل اور توصیفی شیلڈز بھی پیش کیں۔

‎تقریب سے پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے بھی خطاب کیا جبکہ کمیونٹی عمائدین نے بھی تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔

‎تقریب کی نظامت ہارون مغل نے کی جبکہ تقریب سے فرح سواتی، احمد کمال سندیو سنگھ ،اشرف عباسی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.