ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے کوالیفائر میچ میں قلندرز کے حارث رؤف اور سلطانز کے احسان اللّٰہ کے درمیان گرما گرمی ہوگئی، تاہم میچ کے اختتام پر ایک دوسرے کو گلے لگالیا۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کے بولرز چھائے رہے اور قلندرز کی وکٹیں اڑاتے گئے۔
لاہور قلندرز کی اننگز کے 13ویں اوور میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹورنامنٹ کے تیز ترین بولر احسان اللّٰہ کو اوور کی پہلی بال پر چوکا مارا اور پھر چھکا بھی لگایا۔
احسان نے روایتی فاسٹ بولر کی طرح حارث رؤف کو اگلی 3 گیندیں مس کرانے کے بعد غصے کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حارث رؤف کی احسان اللّٰہ سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد حارث نے اوور کی آخری گیند پر چوکا لگادیا۔
دونوں کے درمیان گرما گرمی کو کمنٹیٹرز سمیت شائقین نے بھی انجوائے کیا لیکن جب حارث رؤف آؤٹ ہوئے اور ملتان نے میچ جیتا تو سب سے پہلے دوڑ کر احسان اللّٰہ حارث رؤف کے پاس آئے، اس پر حارث نے بھی احسان کو گلے لگایا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 84 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
Comments are closed.