جمعرات 23؍شعبان المعظم 1444ھ16؍مارچ 2023ء

چینی کمپنی کا پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا فیصلہ

اسلام آباد:  چینی کمپنی نے پاکستان میں 2 ارب ڈالرز کی بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔

چینی کمپنی سن واک گروپ نے پاکستان میں آپٹیکل فائبر کا نیٹ ورک بچھانے کے لیے ٹیلی کام سیکٹر میں 2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق سے سن واک گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین ہو زنگوانگ کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر، آپٹیکل فائبر کیبل (OFC) اور رائٹ آف وے (RoW) میں سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سن واک گروپ نے پاکستان میں آپٹیکل فائبر کا نیٹ ورک بچھانے کے لیے ٹیلی کام سیکٹر میں دو ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہماری کمپنی پاکستان میں ایک لاکھ کلومیٹر پر محیط رقبے پر آپٹیکل فائبر بچھائے گی۔

وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے وفد کو یقین دلایا کہ اس سلسلے میں تمام رکاوٹیں جلد دور کر دی جائیں گی۔ سن واک (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ایک ٹیلی کام ملٹی نیشنل چینی انٹرپرائز ہے جس نے چین میں متعدد ٹیلی کام، اور کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کے منصوبے تیار کیے ہیں اور پاکستان میں ٹی آئی پی لائسنس حاصل کیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.