وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم ستون ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جہانگیر ترین کے بارے میں انتقامی کارروائیوں کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی نے کہا کہ جہانگیر ترین ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ریاض نے بتایا تھا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان کی مفاہمت کے لئے کچھ لوگ اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دلوانے کیلئے بنیادی کردار جہانگیر ترین نے ادا کیا۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ کافی سارے ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں، جہانگیر ترین نے آج کی پیشی کی خود اطلاع نہیں دی ورنہ زیادہ ارکان اسمبلی آتے۔
گزشتہ روز جہانگیر ترین نے بینکنگ کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’دوست تھا دشمنی کی جانب کیوں دھکیلا جارہا ہے؟ ظلم بڑھتا جارہا ہے‘‘۔
دوسری جانب سے مشیر برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ احتساب میں دوست، دشمن کی تمیز نہیں ہوتی، احتساب کیلئے 9 ؍ بڑے گروپس کا انتخاب کیا تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں، ترین کی ملوں کا آڈٹ نہ کرتے تو سوال اٹھتے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ عدالت جانیوالے ذاتی حیثیت میں گئے ہیں۔
Comments are closed.