کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کسی بھی آئی بی سی پر جائیں کراچی کے عوام زلیل ہوتے نظر آئیں گے، اس شہر کے لوگ بے یارو مددگار نہیں ہیں، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی، زرہ زرہ سی باتوں پر سوموٹو ایکشن لیا جاتا ہے مگر پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے لیے کوئی سوموٹو نہیں لیا جاتا۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائرپٹیشن کی سماعت میں شرکت کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلٹی چارجز سمیت ناجائز ٹیکسز،فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اضافی وصولیوں کے خلاف اور کے الیکٹرک کو معاہدے کے مطابق پیداواری صلاحیت بڑھانے کا پابند کرنے کے حوالے سے سب کے نظریں عدالت پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے 7 دن کا وقت دیا ہے ،کے الیکٹرک نے مکمل جواب جمع نہیں کرائے،جماعت اسلامی نے ججز سے فیول ایڈجسٹمنٹ پر اسٹے دینے کی درخواست کی ہے،ہمیں انصاف کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے میونسپل چارجز ،کے الیکٹرک بل میں لگانے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا ہے ،ہم عوامی عدالت میں بھی جا رہے ہیں،جماعت اسلامی کسی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کی حمایت نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ناجائز ٹیکسوں اور فیول ایڈجسٹمنٹ اور میونسپل چارجز کے خلاف عوامی ریفرنڈم کروایا جائے گا ،اگر یہ ظلم ختم نہ ہوا تو کراچی کے عوام بل ادا نہیں کریں گے ،کے الیکٹرک اور حکومتی سہولت کاروں کا گھیراؤ کریں گے، کے الیکٹرک اپنی لیگل ٹیم پر کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے کوئی اور پارٹی کے الیکٹرک کے سامنے کھڑی نہیں ہوتی ،کے الیکٹرک کا لائسنس کینسل ہونا چاہیے انہیں کیوں بغیر معاہدہ کے گیس دی جا رہی ہے۔
Comments are closed.