جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جس کی اکثریت ہے اسے تسلیم کیا جائے، اس سے صوبے اور ملک کی بہتری ہے، آج پُرامن احتجاج کیا جا رہا ہے، کراچی کے مینڈیٹ پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو نہیں پتہ، حلقہ بندیاں اور ووٹر لسٹیں جعلی ہیں، کل بھی کچھ چیئرمین لاپتہ ہو گئے تھے، نشستوں کے اعتبار سے جماعتِ اسلامی کی تعداد زیادہ تھی، آر اوز کے ذریعے ہماری اکثریت ختم کی گئی۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پتہ نہیں چلتا ہے کہ الیکشن کمیشن یرغمال بن رہا ہے، الیکشن کمیشن سب دیکھ رہا ہے، کوئی اثر نہیں پڑتا، کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ صرف 6 یوسیز کے کیس ہم کل سپریم کورٹ لے کر جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے 11 نمبر کم ہوں گے اور ہمارے 40 بڑھیں گے، 3 لاکھ ووٹ پر کہتے ہیں کہ ہم آگے ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس ایک ہی آپشن ہے قبضے کا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے باوجود بھی آپ کے نمبر پورے نہیں، یہ سیٹوں میں بھی ہار گئے اور ووٹوں میں بھی، آپ کچھ بھی کہیں آپ ایک فاشسٹ پارٹی ہیں، جمہوریت میں سودے بازی کیسے ہو سکتی ہے؟
Comments are closed.