نیوزی لینڈ نے 281 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 25 اوورز میں 2 وکٹ پر 127 رنز بنالیے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 43 کے اسکور پر گری، فن ایلن 25 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، دوسرے اوپنر ون کونوے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آغا سلمان کا شکار بن گئے۔
کین ولیمسن 34 اور ڈیرل مچل 12رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 3 میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹ پر 280 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کے لیے 281 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹیں صرف 21 رنز پر گر جانے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے 154 رنز کی شراکت قائم کی۔
دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی بہادری سے نیوزی لینڈ کی بولنگ لائن کا مقابلہ کیا، محمد رضوان 175 کے مجموعی اسکور پر 74 گیندوں پر 77 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے لگائے۔
فخر زمان نے اس کے بعد اپنی سنچری مکمل کی، وہ 191 کے مجموعے پر 101 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد 225 کے اسکور پر حارث سہیل 22 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، اگلی وکٹ محمد نواز کی گری جو صرف 8 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، اس کے بعد اُسامہ تیز کھیلنے کی کوشش میں 2 گیندوں پر 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، یوں پاکستان کی 7 وکٹ 247 رنز پر گر گئیں۔
آغا سلمان 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے انہوں نے اس دوران 1 چھکا اور 4 چوکے لگائے، اُس وقت قومی ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر 270 ہوچکا تھا۔
محمد وسیم 276 کے اسکور پر 7 رنز بناکر پویلین لوٹنے والے آخری کھلاڑی تھے، اس کے بعد آخری گیند پر محمد حسنین نے چوکا لگایا اور ٹیم کا اسکور 280 رنز تک پہنچا دیا۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم یہ پارٹنرشپ صرف 2 رن اور 2 اوورز تک ہی قائم رہ سکی۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے شان مسعود کو صفر پر آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 6.3 اوورز میں 21 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم کو 4 رنز پر مائیکل پریسویل نے اسٹمپ آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں، شان مسعود اور محمد حسنین کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ امام الحق انجرڈ ہیں اور نسیم شاہ بیمار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا ہے۔
پاکستان ٹیم میں فخر زمان، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث سہیل، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلا ون ڈے 6 وکٹ سے جبکہ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 79رنز سے جیتا تھا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ڈرا ہوئی تھی۔
Comments are closed.