پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ کے ٹکٹ کھرب پتیوں کو دیے، امیروں کو ٹکٹ اس لیے دیے گئے کہ ووٹ خرید سکیں۔
وزیر آباد میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کیا گیا، ایک نوکری بھی ملی کسی کو؟ پچاس لاکھ گھروں کا اعلان کیا گیا کسی ایک کو گھر ملا؟۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا امیدوار ووٹ مانگنے آئے تو اس کو بجلی، گیس کا بل تھما دینا، سبزیوں کا ہار بنا کر پی ٹی آئی کے امیدوار کے گلے میں پہنانا، تحریک انصاف کے امیدوار کو انڈے مار مار کے بھگانا۔
مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکنوں سے ہمدردی ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ٹکٹ نہیں ملے گا کیوں کہ وہ عمران خان کے کچن کا خرچہ نہیں اٹھا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے 5 لوگ توڑے گئے اور ان ہی سے پریس کانفرنسز کروائی جاتی ہیں، اللّٰہ کا کرم ہے یہ لوگ مسلم لیگ ن کو نہیں توڑ سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کے علاوہ کوئی اور جماعت ہے جس نے وزیر آباد کی خدمت کی ہو؟، کہا گیا مریم پنجاب کارڈ کھیل رہی ہے، پنجاب کی بیٹی ہوں پنجاب کے لوگوں کی بات کیوں نہیں کروں گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سندھ جاتی ہوں سندھ کی بات کرتی ہوں بلوچستان جاتی ہوں بلوچستان کی بات کرتی ہوں، جہاں پنجاب کی چینی اور آٹا مہنگے ہونے کی بات آئے گی پنجابیوں کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کی کہانی کسی اور کو سنانا، آج صرف ووٹ مانگنے نہیں آئی، آج نواز شریف کا دور یاد کروانے آئی ہوں، پنجاب لاوارث نہیں بلکہ یتیم ہوگیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم اپنے مخالف کی بھی عزت کرتے ہیں، ملک کا نقصان ضرور ہوا ہے، لیکن انشااللّٰہ نواز شریف آئے گا سب ٹھیک ہوجائے گا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ وزیرآباد والوں چور مچائے شور والا محاورہ سنا ہے؟ عمران خان کے خرچے اٹھانے والوں نے مہنگی ایل این جی منگوائی، پی ٹی آئی نے 15 ہزار ارب کا قرضہ لیا ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، پی ٹی آئی نے 125 ارب کی میٹرو بنائی وہ میٹرو نہیں کھڈے ہیں، پی ٹی آئی نے ٹوٹی پھوٹی میٹرو کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے خرچے اٹھانے والوں نے 122 ارب روپے کا ایل این جی کا ڈاکہ مارا، عمران خان کی حکومت آٹا اور چینی چور ہے مگر وہی شور مچا رہی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان مہنگائی کرکے ہمیں رلاتا ہے مگر الٹی سیدھی تقریریں کرتے ہنساتا بھی ہے، لوگ کہتے ہیں آٹا، چینی مہنگا ہوگیا، عمران خان کہتا ہے این آر او نہیں دوں گا، لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگاتا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں 50 لاکھ گھر دوں گا۔
Comments are closed.