ہفتہ یکم صفر المظفر 1445ھ19؍اگست 2023ء

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے شیر افضل مروت کے بیان کا نوٹس لے لیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم کے رکن شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے بیان پر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے نوٹس لے لیا

پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے تاثرات کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی سیاسی جدوجہد کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ چیئرمین کی منظوری سے کور کمیٹی فیصلہ سازی کر رہی ہے، قانونی ٹیم قائدین، کارکنان کے حصولِ انصاف کیلئے کوشاں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی اندرونی لڑائی منظرِ عام پر آگئی۔

پی ٹی آئی اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ شیر افضل مروت کو تاثرات کا اظہار پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہیے تھا، شیر افضل کے خیالات کو نجی تاثرات کے زُمرے میں رکھ کرجائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ممبر اور ترجمان لیگل افیئرز شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور کور کمیٹی کے غداروں نے میری جان خطرے میں ڈال دی ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں غداروں کی موجودگی کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے، غداروں نے کور کمیٹی اجلاسوں کی ریکارڈنگ مخالفین اور میڈیا والوں تک پہنچائی۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگل ٹیم کی زوم میٹنگز کی تفصیلات اور ریکارڈنگز باہر کے لوگوں کے ساتھ شیئر کی گئیں، غداروں کے اس عمل نے میری زندگی اور آزادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.