بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بورڈ نے مالی امداد میں 25 فیصد اضافے اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے مستحقین کو ادائیگی کے لیے نئے ماڈل کی منظوری دے دی۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ نے اپنے 58ویں بورڈ اجلاس میں ادائیگی کے نئے ماڈل کی منظوری دی، جس کے تحت بینظیر کفالت کے مستحقین بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم حاصل کر سکیں گے، نقد امداد براہ راست ان کے بینک اکائنٹس کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔
اس نئے پیمنٹ ماڈل کا پائلٹ ٹیسٹ ملک کے 4 منتخب اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا، جس کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں مستحقین اپنی پسند کے بینکوں میں کھاتے کھول سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری کی زیر صدارت بورڈ کا اجلاس پیر کو کراچی میں سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
بی آئی ایس پی بورڈ نے مستحقین کو دیے جانے والے وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کرنے کے لیے انڈیکسیشن کمیٹی کی تجویز کی بھی منظوری دی، اضافے کے بعد سہ ماہی وظیفہ 7000 سے بڑھ کر 8750 روپے ہو جائے گا۔
بورڈ نے بلوچستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں لوگوں کی رجسٹریشن کے لیے موبائل یونٹس کے استعمال کی تجویز کی بھی منظوری دی جہاں لوگوں کے لیے بی آئی ایس پی مراکز تک پہنچنا مشکل تھا۔
اراکین کا خیال تھا کہ صوبے کے جغرافیائی پہلو کے پیش نظر بلوچستان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
چیئرمین نادرا، جو کہ اجلاس میں بھی شریک تھے، سے کہا گیا کہ وہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو شناختی کارڈ بنانے میں مدد کے لیے اضافی کوششیں کریں۔
بی آئی ایس پی بورڈ کو بتایا گیا کہ قومی، سماجی و معاشی رجسٹری (این ایس ای آر) کے متحرک رجسٹریشن کے نئے عمل کے تحت ملک بھر میں بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر میں 575 مراکز پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔
مزید برآں بی آئی ایس پی بورڈ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ کام کر کے تجربہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھنے والے یونیورسٹیوں کے نئے گریجویٹس کے لیے ایک انٹرن شپ پروگرام کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں بورڈ ممبران ڈاکٹر اشفاق حسن خان، ڈاکٹر قیصر بنگالی، ثانیہ رفعت، سیکریٹری بی آئی ایس پی یوسف خان اور سیکریٹری پی اے اینڈ ایس ایس غفران میمن نے شرکت کی، جبکہ بورڈ ممبران حارث غضدار، چیئرمین این ڈی اے آر اے طارق ملک، ایڈیشنل سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن ثمر احسان اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ (اخراجات) عامر محمود نے زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈی جی این ایس ای آر/سی سی ٹی نوید اکبر نے بورڈ کے اجلاس سے پہلے ایجنڈا کے آئٹمز پیش کیے۔
Comments are closed.