جمعہ 24؍شعبان المعظم 1444ھ17؍مارچ 2023ء

بھارت میں رشوت خور خاتون ڈاکٹر کو حاملہ خاتون پر رحم نہ آیا

بھارت کی ریاست کرناٹکا میں مسیحا سمجھی جانے والی خاتون ڈاکٹر رشوت خور بن گئی اور اسے حاملہ خاتون پر بھی ذرا رحم نہ آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹکا میں لیڈی ڈاکٹر نے رشوت لیے بغیر حاملہ خاتون کا آپریشن کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث دنیا میں آنے سے پہلے ہی بچہ موت کا شکار ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق سنگیتھا نامی خاتون جمعرات کو بچے کی پیدائش کے وقت آپریشن کے لیے اسپتال پہنچی جہاں مبینہ طور پر اس سے آپریشن سے پہلے ڈاکٹر پالاوی نے 10 ہزار روپے رشوت مانگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو اہلخانہ نے رقم نہ ہونے کا بتایا جس پر اس نے خاتون کا آپریشن کرنے سے انکار کردیا۔

رپورٹس کے مطابق حاملہ خاتون کے اہلخانہ کو پیسے کا بندوبست کرنے میں تاخیر ہوئی جس کے بعد ڈاکٹر نے آپریشن کیا تاہم دیر سے آپریشن کرنے کے سبب بچہ دنیا میں آنے سے پہلے ہی موت کا شکار ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کے اہلخانہ نے اسپتال میں احتجاج کیا جس کے بعد خاتون ڈاکٹر کو معطل کر کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.