منگل 7؍شعبان المعظم 1444ھ28؍فروری 2023ء

بھارت: سابق ایم ایل اے، 12ویں جماعت کا امتحان دینے پہنچ گئے

ہاتھوں میں کلپ بورڈ اُٹھائے، پین پکڑے 51 سالہ یہ شخص بی جے پی کا سابق رکن راجیش مشرا ہے جو نوجوان طلبہ کا امتحان لینے نہیں بلکہ خود بارہویں کا امتحان دینے کے لئے امتحانی کمرے کی جانب رواں دواں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی کارکن راجیش مشرا کا کہنا ہے کہ امتحان دینے کے لیے آنے والے طلبہ پہلے انہیں دیکھ کر حیران رہ گئے لیکن پھر وہ یہ جان کر خوش ہوئے کہ ان کے علاقے کا ایک سیاستدان ان کے ساتھ امتحان میں شریک ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ راجیش مشرا کو 2017 میں بی جے پی نے ٹکٹ دیا تو بریلی کے حلقے بیتھری چین پور سے جیت کر عوام کی خدمت کی تاہم گزشتہ برس ان کی سیاسی جماعت نے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

بعدازاں تمام تر مصروفیت کے باوجود راجیش مشرا نے صرف یہ سوچ کر کہ انہیں 12ویں کا امتحان دینا چاہئے، امتحانات کی تیاری شروع کر دی۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس لئے 12 ویں کا امتحان دیا تاکہ وہ تعلیم مکمل کرکے وکیل بن سکیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ایم ایل اے کے طور پر میں نے محسوس کیا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد، خاص طور پر وہ لوگ جو مالی طور پر کمزور ہیں، انہیں انصاف نہیں ملتا کیونکہ وہ اپنے لئے ایک اچھا وکیل نہیں کرپاتے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کی مدد کے لیے قانون کا مطالعہ کرنا چاہتا ہوں، جس کےلئے 12ویں جماعت پاس کرنا ضروری تھی، اس کے بعد تعلیم کا مزید سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سائنس میں دلچسپی کے باوجود وکالت کی تعلیم حاصل کروں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے اس سفر میں انہیں نوجوان حلقوں سے بہتر طور پر جڑنے کا موقع ملے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.