منگل 7؍شعبان المعظم 1444ھ28؍فروری 2023ء

اٹلی کشتی حادثے میں 28 پاکستانیوں کی موت کی خبر غلط تھی، پاکستانی سفیر

اٹلی میں پاکستانی سفیر علی جاوید نے کہا ہے کہ کشتی میں سوار 28 پاکستانیوں کی موت سے متعلق ابتدائی معلومات غیرمصدقہ تھیں۔

ایک بیان میں علی جاوید نے کہا کہ کشتی میں سوار 28 پاکستانیوں کی موت سے متعلق خبر واپس لے لی گئی تھی، کشتی میں سوار 16 پاکستانی محفوظ ہیں، 4 لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

اٹلی میں پاکستانی سفارتی عملے نے کشتی حادثے میں بچائے گئے 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی ہے۔

سفیر علی جاوید نے کہا کہ سفارتخانے کی سینئر اہلکار نے میڈیکل کیمپ میں 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی، کشتی حادثہ کلابریا میں جس مقام پر ہوا سفارتخانے سے 9 گھنٹے کی مسافت پر ہے، واقعے کی خبر ملتے ہی رات ہی کو سفارتخانے کے عملہ کو جائے وقوع پر بھیجا گیا۔

سفارتخانے نے کہا کہ اطالوی حکام اور میری ٹائم ایجسنیوں سے رابطے میں ہیں، کلابریا میں کستانی کمیونٹی اور رضا کاروں سے بھی رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشتی حادثے میں بچ جانے والے 16 پاکستانیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، حادثے میں بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے، کشتی حادثے میں لاپتہ 4 پاکستانیوں کی تلاش جاری ہے۔

سفیر پاکستان علی جاوید کا کہنا ہے کہ 16پاکستانیوں کا تعلق مالاکنڈ، حافظ آباد، گوجرانوالہ اور گجرات سے ہے، سفارتخانہ کشتی حادثے کے معاملے کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سفارتخانہ 16 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اٹلی حکومت کے تعاون سے اقدامات کرے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.