بھارتی ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ ’مجھے کورونا وائرس کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔‘
یوگی آدیتہ ناتھ نے کہا کہ ’کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر، میں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے گھر میں ہی خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہا ہوں۔‘
اترپردیش کے وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ’ریاستی حکومت کی تمام سرگرمیاں عام طور پر چلتی رہیں گی۔‘
یوگی آدیتہ ناتھ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ حالیہ دنوں میں میرے ساتھ رابطے میں رہے ہیں، وہ لازمی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں اور احتیاط کریں۔‘
واضح رہے کہ 1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ایک بار پھر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں اس وائرس سے 1 لاکھ 72 ہزار 115 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ 1 کروڑ 38 لاکھ 71 ہزار 321 مریض سامنے آ چکے ہیں۔
Comments are closed.