بھارتی ریاست اترپردیش میں سسرالیوں نے جینز پہننے پر 17 سالہ بہو کو لاٹھیوں سے مار کر قتل کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سسرالیوں نے 19جولائی کو اپنی بہو کا قتل صرف اس وجہ سے کیا کہ انہیں اس کا جینز میں گھومنا پسند نہیں تھا۔
17 سالہ مقتولہ نیہا پاسوان کو ریاست اترپردیش کے ضلع دیوریا میں قتل کیا گیا، نیہا پاسوان کی شادی قریبی رشتہ داروں کے گھر ہی ہوئی تھی۔
نیہا کے سسر جو اس کے ماموں بھی تھے، کو نیہا کے جینز پینٹ پہننے پر اکثر اعتراض رہتا تھا اور کئی مرتبہ جھگڑا بھی ہوا۔
گزشتہ ہفتے نیہا کی سسرالیوں کے ہاتھوں خوب پٹائی ہوئی جس سے وہ شدید زخمی ہوئی لیکن پھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
لڑکی کے رشتہ داروں نے اس کی نعش کو رکشہ میں ڈال کر قریبی ہائی وے پر واقع پل سے نیچے پھینک دیا لیکن نعش نیچے نہیں گری اور پل کے گِرل میں اٹک گئی۔
عینی شاہدین نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی، پولیس وہاں پہنچی اور نعش کی شناخت نیہا پاسوان کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے لڑکی کے نانا پرنمس پاسوان کو گرفتارکرلیا ہےجبکہ اس کے دو ماموں اور رکشہ ڈرائیور مفرور ہیں۔
Comments are closed.