بدھ 24؍ذیقعد 1444ھ14؍جون 2023ء

بپرجوائے کیٹیگری 3 کی شدت اختیار کر گیا: ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر

ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے اس وقت کیٹیگری 3 کی شدت رکھتا ہے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی نے بتایا کہ اس شدت کے طوفان کے مرکز میں 118 سے 165 کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کل تک اس کی شدت کم ہونے کی امید کر رہے ہیں، لینڈ فال سے قبل اس کی شدت کم ہوئی تو کیٹیگری 2 میں چلا جائے گا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سے سمندری طوفان بپرجوائے کا فاصلہ بڑھ گیا ہے۔

زبیر صدیقی نے بتایا کہ کیٹیگری 2 کی شدت والے سمندری طوفان کے اثرات کم ہونے میں 2 دن لگتے ہیں، بھارتی گجرات کے ساحلی علاقوں میں لینڈ فال کے وقت لہریں 30 سے 35 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیٹی بندر، بدین اور اطراف کے ساحلی علاقوں میں 15 سے 18 اور 20 فٹ لہریں بلند ہو سکتی ہیں، جبکہ کراچی میں 10 سے 12 فٹ اونچی لہریں بلند ہو سکتی ہیں۔

ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث کراچی میں سمندر کے قریب بسے گوٹھوں کو خطرات ہیں، البتہ ڈی ایچ اے اور کلفٹن میں نقصان کا اندیشہ نہیں۔

سمندری طوفان بپرجوائے کے اثرات بڑھنے لگے، کراچی پر بادلوں کا راج ہے، تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ کراچی میں آج وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے، بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جمعے اور ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

زبیر صدیقی نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں کی چھتوں پر لگے سولر پینل اگر مضبوط لوہے کے فریم میں نہیں تو انہیں مضبوط کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.