بنگلہ دیش کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس سال ریڈ بال اور وائٹ بال میچز کےلیے پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ 15 سال بعد پاکستانی سرزمین پر پہلی باضابطہ انٹرنیشنل انڈر 19 سیریز ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیم ایک چار روزہ اور پانچ وائٹ بال میچز کےلیے پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے کے تمام میچز فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اس سیریز کے باضابطہ شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا، ممکنہ طور پر سیریز نومبر کے وسط میں کھیلی جائے گی۔
یہ 2007 کے بعد پاکستانی سرزمین پر انڈر 19 کی پہلی آفیشل سیریز ہوگی، آخری مرتبہ سریز کراچی میں ہی پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی گئی تھی۔
2014 میں لاہور میں افغانستان اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ہونے والے 3 ایک روزہ میچز کو یوتھ ون ڈے انٹرنیشنلز کا درجہ حاصل نہیں تھا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انڈر 19 کرکٹ سیریز میں پاکستان جونیئر لیگ کے ٹاپ پرفارمرز کو موقع دیا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.