بم ڈسپوزل یونٹ نے کراچی میں کینٹ اسٹیشن پر ٹرین سے بم ملنے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
بم ڈسپوزل یونٹ کا کہنا ہے کہ بم عوامی ایکسپریس کی بوگی نمبر 5 میں سیٹ نمبر 71 کے قریب سے ملا، بم سیاہ اور لال رنگ کے اسکول بیگ میں رکھا گیا تھا۔
بیگ کا وزن 5 کلو کے قریب تھا، بم ناکارہ بنانے کے بعد ڈھائی کلو بارود ملا، بم ناکارہ بنانےکےبعد الیکٹریکل ڈیٹونیٹر بھی تحویل میں لیا گیا۔
دوسری جانب ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا ہے، مقدمہ کینٹ ریلوے اسٹیشن تھانے میں درج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین پشاور سے کراچی پہنچی تھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم پشاور اسٹیشن سے ٹرین میں رکھا گیا، پشاور سے کراچی تک مختلف اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کی جا رہی ہیں۔
اسد رضا کا کہنا ہے کہ ٹائمر کے مطابق بم پھٹنے کا ٹائم دوپہر 12 بجے کا تھا، دوپہر 12 بجے ٹرین سکھر روہڑی جنکشن پر تھی، بم میں موجود ڈیوائس ناکارہ ہونے کی وجہ سے بم پھٹ نہیں سکا۔
کینٹ اسٹیشن پر ٹرین آ کر رکی تو ایک گھنٹے بعد پولیس کو بم کی اطلاع ملی، ٹرین میں موجود مشکوک بیگ کی اطلاع ریلوے کے عملے نے دی، ریلوے کے عملے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشہ روز کراچی میں کینٹ اسٹیشن پر بیگ سے بم برآمد ہوا تھا، جسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
Comments are closed.