جمعرات 26؍جمادی الثانی 1444ھ19؍جنوری 2023ء

بلدیاتی انتخابات، پی پی رہنما سعید غنی جماعتِ اسلامی کے مرکز پہنچ گئے

کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جماعتِ اسلامی میں پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی کا وفد صوبائی وزیر سعید غنی کی قیادت میں جماعتِ اسلامی کراچی کے مرکز ادارۂ نورِ حق پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد میں نجمی عالم اور امتیاز شیخ بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جماعتِ اسلامی کراچی کی قیادت و رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات اور میئر کراچی سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔

انہوں نے حافظ نعیم الرحمٰن کو جائز خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ ہم جماعتِ اسلامی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پیپلز پارٹی کی سب سے زیادہ نشستیں آئی ہیں، اگر کسی کو میئر بنانے کا حق ہے تو وہ پیپلز پارٹی کا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ جماعتِ اسلامی کے سندھ حکومت سے متعلق مسائل کے حل میں غیر جانبدار کردار ادا کریں گے۔

اس سے قبل  کراچی میں پریس کانفرنس میں سندھ کے وزیر و پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی نے کہا تھا کہ ہماری ترجیح جماعتِ اسلامی سے بات کرنا ہے، زیادہ بہتر ہو گا کہ جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی بات کر لیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.