اتوار 15؍جمادی الثانی 1444ھ8؍جنوری 2023ء

بلدیاتی الیکشن ہوئے تو جماعت اسلامی احتجاج اور متحدہ باہر ہوجائیگی، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہوگئے تو جماعت اسلامی احتجاج کریگی اور متحدہ قومی موومنٹ باہر ہوجائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کلفٹن میں نہر خیام کے ساتھ دو کلومیٹر طویل پیڈیسٹرین ٹریل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کام پر فوکس ہونا چاہیے، الیکشن کروانے یا نہ کروانے سے کسی نہ کسی کا فائدہ ہوگا الیکشن کمیشن نے 15 تاریخ کو بلدیاتی الیکشن کروانے کا کہا ہے حکومت یا اسمبلی جو فیصلہ کریگی وہ بتادیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جو احتجاج کر رہی ہے اسے مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا چاہیے۔ بلدیاتی الیکشن ہوگئے تو جماعت اسلامی احتجاج کریگی اور متحدہ قومی موومنٹ باہر ہوجائیگی۔

واضح رہے کہ شون سرکل سے بلاول چورنگی تک کراچی نیبر ہوڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اس موقع پر کمشنر کراچی اقبال میمن، پی ڈی نذیر میمن، پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے صدر خلیل ہوت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ دو کلومیٹر سے زیادہ طویل راہ داری کا افتتاح کردیا گیا ہے، کراچی نیبر ہوڈ امپروومنٹ پروگرام کے تحت سندھ حکومت نے عوام کے لیے کام کرنے کا پروجیکٹ شروع کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے پیپلز اسکوائر کی فوڈ اسٹریٹ عوام کے لیے قائم کی گئی۔ اس کے بعد ملیر اور ابراہیم حیدری میں ایسی سہولیات بنائی گئیں، دوسرے فیز میں پارکس اور کھیلوں کی جگہ کو ڈیویلپ کیا جارہا ہے۔ بوٹ بیسن کی فوڈ اسٹریٹ پر سندھ حکومت نے عوام کی دلچسپی دیکھتے ہوئے پیڈیسٹرین ٹریل بنایا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ راہ داری دوکلومیٹر لمبی ہے۔ اس کے اطراف دو پارکس بھی ہیں دونوں پارکس کو مشہور شخصیات سے وابستہ کیا ہے۔ یہاں روڈ کی کارپیٹنگ بھی کی گئی ہے۔

اس پروجیکٹ کو بنانے کا مقصد آپ سب کو یہ بتانا ہے کہ کراچی سب کے لیے ہے۔ ’کراچی دل ہے جانی‘ کے نام سے اس پروجیکٹ کو بنایا ہی اس لیے گیا ہے کہ لوگ اس سے جُڑ جائیں، ہم سب کو مل کر اس پروجیکٹ کو کامیاب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کروانے کے حوالے سے سندھ حکومت اپنے فیصلے کر رہی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے اگر الیکشن نہ ہوئے تو جماعت اسلامی احتجاج کریگی۔ اگر ہوگئے تو ایم کیوایم احتجاج کریگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پیپلز پارٹی ڈیولپمنٹ پر فوکس کیے ہوئے ہے، سندھ ہائیکوٹ کے حکم کے مطابق آئینی طور پر ضمنی انتخابات ہونے چاہئیں۔ 

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں مہنگائی کی ایک وجہ سیلاب کی تباہ کاری بھی ہے۔ فروری کے وسط میں گندم مارکیٹ میں آجائیگی اس کے بعد صورتحال بہتر ہوجائیگی۔

اس وقت حکومت مارکیٹ میں سستا آٹا فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہم بجلی اور تیل کے بحران سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، مشکل وقت ہے اس کا مقابلہ عوام کو صبر سے کرنا ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.