اتوار 15؍جمادی الثانی 1444ھ8؍جنوری 2023ء

فاروق ستار نے خالد مقبول کے موقف کی حمایت کردی

متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر اور تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے خالد مقبول صدیقی کے مؤقف کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اپنی رہائشگاہ پر ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں رواداری کو قائم رکھنا ہے تو اس کے لیے درست حلقہ بندیاں ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میچ شروع ہوا نہیں ایک ٹیم کو پہلے ہی 200 رنز دے دیے، یہ مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ متنازع حلقہ بندیاں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ہے، یہ ایک دوسرے کو آمنے سامنے لا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیرا پھیری کے نتیجے میں ہمیں بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑا ظلم اور نا انصافی ہوئی، مردم شماری میں ہمیشہ ہمیں کم گنا گیا، ہم اب تک 40 فیصد آبادی پر کھڑے ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم ماضی میں شہر کی علاقوں کی آواز بنتے رہے ہیں، خوشی ہے اہم مسئلہ پر ایم کیو ایم احتجاج کرنے جارہی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ جماعت اسلامی کی نظر صرف کراچی کی میئر شپ پر ہے، خالد بھائی سے دوران ملاقات کہا کہ مجھے بو آگئی ہے کہ پس پردہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی میں معاہدہ ہوگیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.