جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اس وقت الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے، بلاول صاحب، سعید غنی صاحب جیالے میئر کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتنی یو سیز میں آر او نے فارمز نہیں دیے، 7 سے 8 جگہوں پر یہ سب ہوا ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کو تصاویر بھی بھیجیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کئی آر اوز سے فارم نہیں منگوائے، کچھ آر اوز نے جان ہتھیلی پر رکھ کر کہا کہ ہم سے جعلی فارم پر دستخط کرائے گئے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ یہ جمہوریت کے نام پر بدنامی کا نشان بن رہے ہیں، نوٹی فکیشن اور انصاف کا پیمانہ ایک ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چنیسر ٹاؤن ایسا لگتا ہے کہ سعید غنی نے خریدا ہے، یہاں سعید غنی کے بھائی ہارے مگر 2 یوسیز پر انہوں نے جعلسازی کی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کا کوئی نام و نشان نہیں، یہاں آر اوز، ڈی آر اوز کی جعلسازی سے 4،5 یوسیز کا نتیجہ ہولڈ کرا دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں ہم جیت گئے مگر وائس چیئرمین کا نتیجہ روک دیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آپ نے مسائل حل نہیں کیے اور آپ نے تو الیکشن رکوائے، انہوں نے اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کیں اور ووٹر لسٹیں تبدیل کیں۔
Comments are closed.